منگل 17 نومبر 2026 - 08:54
خطبۂ فدکیہ قرآن، سنت اور دفاعِ ولایت کا عظیم منشور ہے: مولانا نقی مہدی زیدی

حوزہ/عزائے فاطمیہؑ کی الوداعی مجلسِ عزاء قدیمی مرکزی امام باڑہ گاہ آلِ ابوطالبؑ میں منعقد ہوئی، جس سے امام جمعہ تاراگڑھ حجۃ الاسلام مولانا سید نقی مہدی زیدی نے ’’فدک، ذوالفقارِ فاطمی‘‘ کے عنوان سے خطاب کیا اور خطبۂ فدکیہ کے تاریخی، قرآنی اور اعتقادی پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا سید نقی مہدی زیدی نے اپنے خطاب میں حضرت فاطمہ زہراؑ کے دربار میں دیے گئے تاریخی خطبے کی اہمیت، قرآنی استدلال، حق طلبی اور دفاعِ ولایت کے مختلف پہلوؤں کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ کا خطبہ محض فدک کے مطالبے تک محدود نہیں تھا، بلکہ یہ قرآن، سنت، حق و انصاف اور ولایت کے دفاع کا ایک عظیم منشور تھا۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد حضرت فاطمہ زہراؑ نے اپنے حق اور اپنے بابا کے دین کے دفاع کے لیے امت کے سامنے نہایت جرأت مندانہ مؤقف اختیار کیا۔ آپؑ نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کے بعد توحید، نبوت، احکامِ الٰہی کے فلسفے اور قرآن مجید کی عظمت کو بیان فرمایا۔

انہوں نے خطبۂ فدکیہ میں حضرت فاطمہ زہراؑ کے قرآنی استدلال کی وضاحت کرتے ہوئے آیتِ کریمہ "وَوَرِثَ سُلَيْمَانُ دَاوُودَ" اور حضرت زکریا علیہ السلام کی دعا "فَهَبْ لِي مِن لَّدُنكَ وَلِيًّا، يَرِثُنِي وَيَرِثُ مِنْ آلِ يَعْقُوبَ" کا حوالہ دیا، جن میں انبیائے کرام کی وراثت کا ذکر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ نے ان آیات کے ذریعے امت کے سامنے یہ بنیادی سوال رکھا کہ جب قرآن مجید حضرت سلیمان علیہ السلام کو حضرت داؤد علیہ السلام کا وارث قرار دیتا ہے اور حضرت زکریا علیہ السلام بھی اپنے لیے وارث کی دعا کرتے ہیں تو پھر انبیائے کرام کی وراثت کا انکار کیسے کیا جا سکتا ہے؟

مولانا نقی مہدی زیدی نے مزید کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ نے ظلم اور غصبِ خلافت کے خلاف اپنے تاریخی خطبے میں قرآن مجید کی 26 آیات کے ذریعے حقائق کو واضح کیا۔ ان دلائل کے مقابلے میں نہ خلیفہ کے پاس کوئی جواب تھا اور نہ عوام میں اتنی جرأت کہ وہ آپؑ کی حمایت کر سکیں، لیکن بی بیؑ نے صبر و استقامت کے ساتھ امیرالمؤمنین علیہ السلام کے ہمراہ توحید، نبوت، امامت اور قرآن کے حقیقی راستے کو تا قیامت امت کے لیے روشن کردیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ نے قرآن کو محض تلاوت تک محدود نہیں رکھا، بلکہ اپنے اخلاق، کردار اور ظلم کے خلاف قیام کے ذریعے اسے مجسم کردیا۔ حکومتی دباؤ اور جسمانی و روحانی اذیتیں بھی آپؑ کو حق کے اعلان سے نہ روک سکیں۔ آپؑ نے اپنی مختصر زندگی کے آخری ایام میں آنسوؤں، خطبوں اور احتجاج کے ذریعے امت کو بیدار کرنے اور اسلام کی مظلومیت آشکار کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے علامہ شرف الدین کے حوالے سے کہا کہ خطبۂ فدکیہ اہل بیت علیہم السلام کے نزدیک غیر معمولی اہمیت کا حامل تھا۔ اہل بیت علیہم السلام اپنے بچوں کو ان خطبوں کو یاد کرنے کی اسی طرح تاکید کرتے تھے جس طرح قرآن کریم حفظ کرنے کی تاکید کی جاتی تھی۔ لہٰذا ایامِ فاطمیہ میں ان خطبوں کا مطالعہ کیا جائے اور ان کے معارف دوسروں تک بھی پہنچائے جائیں۔

خطیب مجلس نے اس بات پر زور دیا کہ قرآن و سنت کو خواہشات کے تابع کرنے کے بجائے حق و انصاف کی روشنی میں سمجھنا اور ان پر عمل کرنا ضروری ہے۔ خطبۂ فدکیہ درحقیقت قرآن و سنت کی روشنی میں حق کی وضاحت اور اسلامی تعلیمات کے تحفظ کی عظیم کوشش ہے۔ حضرت فاطمہ زہراؑ نے اپنے خطبے کے ذریعے امت کو متوجہ کیا کہ دین کے بنیادی اصولوں اور احکامِ الٰہی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور ہر معاملے میں قرآن مجید کو معیارِ حق قرار دینا ضروری ہے۔

مولانا نقی مہدی زیدی نے حضرت فاطمہ زہراؑ کو ’’شہیدۂ ولایت‘‘ قرار دیتے ہوئے امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی روایت "إِنَّ فَاطِمَةَ صِدِّیقَةٌ شَهِیدَة" بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ دروازۂ فاطمہؑ کو جلانا گویا دروازۂ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جلانے کے مترادف ہے۔ اس سلسلے میں روایت نقل کی: "أَلَا إِنَّ فَاطِمَةَ بَابُهَا بَابِي وَبَيْتُهَا بَيْتِي، فَمَنْ هَتَكَهُ فَقَدْ هَتَكَ حِجَابَ اللَّهِ"۔ یعنی خبردار! فاطمہؑ کا دروازہ میرا دروازہ اور ان کا گھر میرا گھر ہے، جس نے اس کی بے حرمتی کی، اس نے اللہ کے حجاب کی توہین کی۔

انہوں نے امام جعفر صادق علیہ السلام سے منقول روایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ کربلا میں ہمارے مصائب جیسا کوئی دن نہیں، سوائے یومِ سقیفہ کے؛ جس دن امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کا حق غصب کیا گیا، حضرت فاطمہؑ، امام حسنؑ، امام حسینؑ، حضرت زینبؑ، حضرت ام کلثومؑ اور فضہؑ پر دروازہ جلایا گیا اور حضرت محسنؑ کو ٹھوکروں سے شہید کیا گیا۔ یہ دن مصائب کے اعتبار سے انتہائی تلخ ہے، کیونکہ اسی روز ان مظالم کی بنیاد رکھی گئی جن کا سلسلہ کربلا تک پہنچا۔

مجلس کے اختتام پر مولانا نقی مہدی زیدی نے شبِ شہادت حضرت فاطمہ زہراؑ کے المناک واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کی زندگی کی سخت ترین راتوں میں سے ایک تھی۔ آپؑ نے جنگوں میں بہت سی سخت راتیں دیکھیں، حتیٰ کہ شبِ لیلۃ الہریر میں بھی پوری رات جنگ کی، لیکن کوئی رات اس رات کی مانند سخت نہ تھی۔ حضرت علی علیہ السلام کسی جنگ میں کبھی زمین پر نہیں گرے، نہ تھکن کا اظہار کیا اور نہ گریہ فرمایا، لیکن جب آپؑ نے حضرت فاطمہ زہراؑ کی شہادت کی خبر سنی تو شدتِ غم سے آہ بھری، گریہ کیا اور بے ہوش ہوگئے۔ گھر پہنچنے تک کئی مرتبہ زمین پر بیٹھ گئے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ حضرت علی علیہ السلام سے بڑھ کر کوئی بھی حضرت فاطمہ زہراؑ کی عظمت و منزلت سے واقف نہ تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت فاطمہؑ کو سپردِ خاک کرنے کے بعد امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے قبرِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف رخ کرکے عرض کیا کہ عنقریب آپ کی بیٹی خود آپ کو بتائیں گی کہ کس طرح آپ کی امت نے مل کر ان پر ظلم کیا اور ان کا حق غصب کرلیا۔ اس موقع پر آپؑ نے فرمایا: "اَمَّا حُزْنِیْ فَسَرْمَدٌ، وَ اَمَّا لَیْلِیْ فَمُسَهَّدٌ"، یعنی میرا غم بے پایاں ہے اور میری راتیں بے خواب رہیں گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha